افغان انٹیلیجنس کے افراد کو شناختی کارڈز کا اجرا ہوا، سینیٹر طلحہ محمود

Last Updated On 05 December,2018 09:13 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نادرا کی جانب سے افغان انٹیلی جنس کے لوگوں کو شناختی کارڈ کے اجرا کا انکشاف ہوا ہے، سینیٹر طلحہ محمود نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے غیر ملکیوں نے بھارت کا سفر بھی کیا۔

سینیٹ قائمہ کمیٹی کابینہ سیکرٹیریٹ کا اجلاس سینیٹر طلحہ محمود کے زیر صدارت ہوا، اجلاس میں افغان انٹیلی جنس کے لوگوں کو پاکستانی شناختی کارڈ جاری ہونے کا انکشاف کیا گیا۔

چیئرمین کمیٹی کا کہنا تھا کہ نادرا نے افغام انٹیلی جنس کے لوگوں کو شناختی کارڈ جاری کئے ہوئے ہیں، افغان اور تاجک لوگوں کے سینکڑوں کی تعداد میں شناختی کارڈ جاری کئے گئے ہیں، پاکستانی شناختی کارڈ رکھنے والے غیر ملکیوں کے پاسپورٹ پر بھارت کے ویزے بھی لگے ہوئے ہیں۔

سینیٹر طلحہ محمود کا کہنا تھا کہ نادرا نے بعض شناختی کارڈ تاحال بلاک نہیں کئے، شناختی کارڈ رکھنے والے غیر ملکیوں کی فہرست آئی بی کے حوالے کر دی گئی ہے، آئی بی شناختی کارڈ رکھنے والے غیر ملکیوں کی تحقیقات کرے گا۔

سینیٹر طلحہ محمود کا کہنا تھا کہ ڈیڑھ سو کے قریب تاجک لوگوں کے شناختی کارڈ لاہور سے ملے ہیں جنہیں بلاک کر دیا گیا ہے تاہم ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی، نادرا نے ان شناختی کارڈ کے اجرا کو روکنے کے لئے کوئی اقدام نہیں اٹھائے، سیف سٹی منصوبے میں غیر معیاری اور ناقص کیمروں کے استعمال پر کمیٹی نے آئی بی کو تحقیقات کی سفارش کر دی۔