صحافی سے بدتمیزی کا کیس، ڈاکٹر شاہد مسعود کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

Last Updated On 04 December,2018 05:39 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ‏اسلام آباد کی عدالت نے صحافی سے بدتمیزی اور موبائل فون چھیننے کے کیس میں سابق ایم ڈی پی ٹی وی ڈاکٹر شاہد مسعود کو جوڈیشل ریمانڈ پر بھیج دیا۔

سابق ایم ڈی پی ٹی وی ڈاکٹر شاہد مسعود کو اڈیالہ جیل سے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ حفیظ احمد کے روبرو پیش کیا گیا۔ پولیس نے جسمانی ریمانڈ پر اصرار نہ کیا جس پر عدالت نے شاہد مسعود کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے گزشتہ سماعت پر ڈاکٹر شاہد مسعود کو گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا۔ شاہد مسعود ہی پی ٹی وی کرپشن کیس میں بھی جوڈیشل ریمانڈ پر پہلے ہی سے جیل میں قید ہیں۔

خیال رہے کہ ڈاکٹر شاہد مسعود نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں کوریج کے دوران نجی ٹی وی کے صحافی سے موبائل چھین کر دھمکیاں دی تھیں۔