اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کی ماتحت عدالت نے پی ٹی وی کرپشن کیس میں گرفتار سابق ایم ڈی ڈاکٹر شاہد مسعود کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
ایف آئی اے نے سابق ایم ڈی پی ٹی وی ڈاکٹر شاہد مسعود کو جسمانی ریمانڈ پورا ہونے پر ماتحت عدالت پیش کیا۔ ایف آئی اے نے ملزم کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔
عدالت نے استدعا مسترد کرتے ہوئے ڈاکٹر شاہد مسعود کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔
ایف آئی اے نے عدالت سے ڈاکٹر شاہد مسعود کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کرتے ہوئے انھیں 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم دیدیا۔
واضح رہے کہ ایف آئی اے کے مطابق شاہد مسعود پر مبینہ طور پر بدعنوانی کا الزام ہے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے چیئرمین پی ٹی وی کی حیثیت میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے میڈیا رائٹس حاصل کرنے کیلئے جعلی کمپنی سے معاہدہ کیا جس سے پاکستان ٹیلی وژن کو کروڑوں کا نقصان اٹھانا پڑا۔
چوبیس نومبر کوعدالت نے انہیں 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے سپرد کرنے کا حکم دیتے ہوئے 28 نومبر کو دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔ ڈاکٹر شاہد مسعود 23 نومبر کو درخواست ضمانت خارج کیے جانے کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے سے گرفتار کیے گئے تھے۔