اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے چینی قونصل خانے کو دہشتگردی کا نشانہ بنانے کی کوشش کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے کامیاب دورہ چین کا ردعمل قرار دیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کراچی میں دہشتگردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی، اجلاس میں شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ دہشتگردوں کو عمارت میں داخلے سے روکنے پر پولیس اہلکاروں کو داد دیتا ہوں، چینی قونصل خانے کے کسی شخص کو نقصان نہیں پہنچا، دہشتگرد قونصل خانے میں داخل ہو جاتے تو بڑا سانحہ ہو سکتا تھا۔ ملک سے تمام دہشتگردوں کو ختم کر کے دم لیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ دشمن نے دورہ چین کی کامیابیوں پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی۔ وزیراعظم نے اورکزئی میں دہشتگردی کے واقعہ کی بھی شدید مذمت کی۔
بعد ازاں اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاک چین تعلقات خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، چینی قونصلیٹ پر حملہ ناکام بنانے والے اہلکاروں کو سلام پیش کرتا ہوں، دہشت گردوں کو شکست دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کا حملہ سوچی سمجھی سازش تھی، دہشت گرد بیرونی ایجنڈے پر آئے، دہشت گرد آگے بھی کوشش کریں گے، جس کیلئے تیار ہیں، دشمن پاک چین تعلقات کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کا پاکستان ریلویز کی جانب سے منعقد کردہ تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ اداروں کا خسارہ کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، توانائی سیکٹرمیں 1200 ارب روپے کا خسارہ ہے، ماضی میں میرٹ پر نہیں سیاسی طور پر بھرتیاں ہوئیں، سیاسی بھرتیوں کا نقصان عوام کو ہو رہا ہے،
ان کا کہنا تھا کہ نئی ایکسپریس ٹرینیں شروع کرنے پر مبارکباد دیتا ہوں، ٹرین پاکستان کا غریب اور کمزور طبقہ استعمال کرتا ہے، چین کی ترقی کا راز غریب طبقے کو اوپر اٹھانے میں تھا۔
عمران خان کا چار نئی ٹرینوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ جہاں سیاسی بھرتیاں ہوتی ہیں ان کا نقصان عوام اٹھائے گی، اداروں کو پروفیشلی چلانے کی بجائے کرپشن کی جاتی ہے، ریلوے سے فائدہ ہم اربوں میں لے سکتیں ہیں، ریلوے کی زمین اربوں کھربوں کی زمین ہے جن پر قبضے ہوئے ہیں، جتنی بھی زمیںوں پر قبضہ ہے ان کا استعمال کر سکتے ہیں، کئی زمینوں کو ہم اورسیز پاکستانیوں کو دے کر ڈالر لے سکتے ہیں، ریلوے نے کلین اور گرین پاکستان میں بھرپور حصہ ڈالا ہے، ریلوے کی ترقی میں رکاوٹ بننے والوں کو عوام کے سامنے لائیں گے۔