اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کراچی میں چینی قونصل خانے پر حملے کی مکمل تحقیقات کا حکم دے دیا۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ واقعہ پاک چین تعاون کے خلاف سازش ہے، ایسے واقعات پاک چین دوستی کو متاثر نہیں کرسکتے۔
وزیراعظم عمران خان نے کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقع چینی قونصل خانے پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے واقعہ میں ملوث افراد کو سامنے لانے اور مکمل تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ پاک چینی اقتصادی و تذویراتی تعاون کے خلاف سازش ہے، لیکن ایسے واقعات پاک چین دوستی کو متاثر نہیں کرسکتے، چین کے ساتھ پاکستان کی دوستی ہمالیہ سے بلند اور بحیرہ عرب سے گہری ہے۔
عمران خان نے پولیس اوررینجرز کی بروقت کارروائی اور بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ کراچی پولیس، رینجرز غیرمعمولی جرات کا مظاہرہ کیا، پوری قوم شہدا اور انکے ساتھیوں کو سلام پیش کرتی ہے، پولیس اہلکاروں کی بہادری پر ہمیں فخر ہے۔