اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سیدھاراستہ نبی کریم ﷺ کاراستہ ہے، اللہ کے بتائے راستے پر چلنے سے انسان کی زندگی تبدیل ہوتی ہے. فلاحی ریاست وسائل نہیں، احساس سے بنتی ہے. عمران خان 2 روزہ بین الاقوامی رحمت العالمین کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کر رہے تھے. کانفرنس میں متعدد مسلم ممالک کے عالمی سکالرز شریک ہیں۔
وفاقی حکومت کے زیر اہتمام دو روزہ رحمت اللعا لمین کانفرنس آج شروع ہو گئی۔ وزیراعظم عمران خان کانفرنس نے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ نے انسان کو خاص مقصد کیلئے پیدا کیا ہے، خدا کے بتائے ہوئے راستے پر چلنے سے انسان کی زندگی تبدیل ہوتی ہے۔ سیدھا راستہ نبی کریم ﷺ کا بتایا ہوا راستہ ہے، ہمارے نبی ﷺ نے پوری دنیا بدل دی، فلاحی ریاست وسائل سے نہیں احساس سے بنتی ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ 3 یونیورسٹیز میں سیرت النبی ﷺ چیئرز قائم کی جائیں گی، آزادی اظہار کے نام پر توہین کے خلاف عالمی مہم چلائیں گے، اسلام کے ٹھیکیداروں کو اسلام کے اصل فلسفے کی سمجھ نہیں، وہ حضور ﷺ کے نام پر غلط اقدامات سے خود کو نقصان پہنچاتے ہیں۔
کانفرنس میں عراق سے آئے ڈاکٹر عمار نقشوانی سمیت متعدد سکالرز شریک ہیں جبکہ بھارت، ایران، سعودی عرب اور مصر سمیت دیگر ممالک کےسکالرز آج اسلام آباد پہنچیں گے۔ کانفرنس کے آخری سیشن میں صدر مملکت کی آمد بھی متوقع ہے۔