منزل تک پہنچنے کیلئے ”یوٹرن“ لینا لیڈر کی پہچان ہے، عمران خان

Last Updated On 18 November,2018 09:03 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے یوٹرن کے حوالے سے اپنے بیان پر قائم رہتے ہوئے کہا ہے کہ غیر قانونی دولت چھپانے کے لیے جھوٹ بولنا چور کی نشانی ہے۔

 وزیراعظم عمران خان کا سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں کہنا ہے کہ منزل تک پہنچنے کے لیے ”یوٹرن“ لینا ایک لیڈر کی پہچان ہے جبکہ غیر قانونی دولت چھپانے کے لیے جھوٹ بولنا چور کی نشانی ہے۔

عمران خان نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ جیسے جھوٹ کا سہارا لے کر چوری کا مال بچانے کی کوشش کرنا بے ایمانوں کا شیوہ ہے، اسی طرح اپنے مقاصد کے حسول کیلئے یوٹرن کی آپشن استعمال کرنا عظیم قیادت کا طرہ امتیاز ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ حالات کے مطابق یوٹرن نہ لینے والا کبھی کامیاب لیڈر نہیں ہوتا، تاریخ میں نپولین اور ہٹلر نے یوٹرن نہ لے کر تاریخی شکست کھائی۔

 

جمعہ کے روز اسلام آباد میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ یوٹرن نہ لینے والا کبھی کامیاب رہنما نہیں ہوتا اور جو یوٹرن لینا نہیں جانتا، اس سے بڑا بے وقوف لیڈر کوئی نہیں ہوتا۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے عدالت میں یوٹرن نہیں لیا بلکہ جھوٹ بولا تھا۔