پاک بحریہ کی مشقیں جاری، میزائلوں کی فائرنگ کا شاندار مظاہرہ

Last Updated On 02 November,2018 09:03 pm

کراچی: (دنیا نیوز) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے کہا ہے کہ پاک بحریہ خطے کی جدید اور باصلاحیت فورس بن چکی ہے، بحری فوج کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد ہے۔ نیول چیف ایڈمرل ظفر عباسی کہتے ہیں پاک بحریہ کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لیے تیار ہے۔

بحیرہ عرب میں پاک بحریہ کی مشقیں سی سپارک 2018ء کامیابی کے ساتھ جاری، بحری جہاز شکن میزائلوں کی فائرنگ کا شاندار مظاہرہ، جہازوں سے داغے گئے میزائلوں نے کامیابی سے اہداف کو نشانہ بنایا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات، پاک بحریہ اور فضائیہ کے سربراہان اور سینئر افسران نے جنگی مشقیں دیکھیں۔ سی سپارک میں پاک بحریہ کی یونٹس فلیٹ ریویو اور نیول ایئر آرم نے بھی فلائی پاسٹ کا بھی مظاہرہ کیا۔

اس موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ خطے کی جدید اور باصلاحیت فورس بن چکی ہے۔

نیول چیف ایڈمرل ظفر عباسی نے کہا کہ لائیو ویپن فائرنگ کا کامیاب مظاہرہ پاک بحریہ کی قابل اعتماد صلاحیت اور دفاع پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا مظہر ہے۔ پاک بحریہ کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لیے تیار ہے۔