کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ایڈمرل عباسی

Last Updated On 26 October,2018 10:12 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ اقتصادی راہداری سمیت پاکستان کے سمندری مفادات کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

ترجمان کے مطابق پاک بحریہ کی جاری جنگی مشق سی سپارک کے دوران امیرالبحر نے ساحلی تنصیبات کا دورہ اور میزائل فائرنگ کا مشاہدہ کیا اور گوادر، اورماڑہ اور تربت میں آپریشنل تیاریوں کا معائنہ کیا۔

نیول چیف نے زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائلوں کی فائرنگ کا مشاہدہ کیا۔ پاک بحریہ کے زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائلوں نے کامیابی سے اہداف کو نشانہ بنایا۔

نیول چیف کو ساحلی تنصیبات کے دورے کے دوران مشق کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ نیول چیف نے اپنے دورے میں افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

نیول چیف کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ سی پیک سمیت پاکستان کے سمندری مفادات کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور کسی بھی قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔