آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں، سردار مسعود

Last Updated On 08 October,2018 04:53 pm

کراچی: (دنیا نیوز) صدر آزاد کشمیر نے انجمن صارفین کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ صارفین کے حقوق کا تحفظ حکومت اور صنعتی شعبے کی ذمہ داری ہے۔

صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں، معیشت کی ترقی کے ساتھ صارفین کے حقوق کا تحفظ کرنا حکومت اور صنعتی شعبے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ کراچی انجمن صارفین پاکستان کے زیر اہتمام تقسیم ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار مسعود کا کہنا تھا کہ انجمن صارفین پاکستان کا کردار قابل تعریف ہے، اس تنظیم کو آزاد جموں و کشمیر تک اپنا دائرہ کار بڑھانے کی دعوت دیتے ہیں۔تاکہ آزاد کشمیر میں بھی عام صارفین کے حقوق کا مؤثر انداز میں تحفظ یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے انجمن صارفین پاکستان کے چیئرمین کوکب اقبال کو پاکستان بھر کے کروڑوں صارفین کو پلیٹ فارم مہیا کرنے پر مبارک باد دی۔ قبل ازیں سردار مسعود نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے سینئر نائب صدر سید مظہر علی ناصر سے ملاقات کی۔ دوران ملاقات گفتگو کرتے ہوئے سردار مسعود کا کہنا تھا کہ پاکستان کا نجی شعبہ ملک کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ آزاد جموں و کشمیر میں سیاحت، زراعت اور معدنیات کے سیکٹر میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

انہوں نے فیڈریشن کے ارکان کو آزاد جموں و کشمیر میں سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لینے کے لیے دورے کی دعوت بھی دی۔ اس موقع پر مظہر علی ناصر کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کے ہیلی کاپٹر پر بھارتی فائرنگ قابل مذمت ہے۔ فیڈریشن آزاد کشمیر میں صنعتی سرگرمیاں شروع کرنے کے لیے اپنی خدمات پیش کرنے کے لیے تیار ہے۔