سندھ ہائیکورٹ: رکن صوبائی اسمبلی جام خان شورو کی حفاظتی ضمانت منظور

Last Updated On 18 October,2018 06:20 pm

کراچی: (دنیا نیوز) نیب نے سندھ کے سابق وزیر بلدیات جام خان شورو کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے، گرفتاری کے لئے نیب کی خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دے دیں، سندھ ہائی کورٹ پہنچنے پر عدالت نے ملزم کی 10 لاکھ روپے کے عوض حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔

 محکمہ بلدیات سندھ میں خورد برد، غیرقانونی الاٹمنٹس اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر نیب نے سابق وزیربلدیات سندھ جام خان شورو کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے، ساتھ ہی گرفتاری کیلئے ٹیمیں بھی تشکیل دے دیں۔

گرفتاری سے بچنے کیلئے جام خان شورو فوری طور پر سندھ ہائی کورٹ پہنچ گئے، جہاں عدالت نے انکی حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔ تفتیشی افسر نے کہا جام خان شورو تحقیقات میں تعاون نہیں کر رہے، انکوائری ابتدائی مرحلے میں ہے، ابھی کوئی ریفرنس دائر نہیں کیا۔ جسٹس اقبال کلہوڑو نے شدید برہمی کا اظہار کیا اور کہا بغیر ریفرنس کے وارنٹ کیسے جاری کیا ؟ جام خان شورو عدالت کے باہر صحافیوں کو جواب دینے سے گریز کرتے رہے۔

یاد رہے جام خان شورو پی ایس 62 حیدرآباد سے رکن سندھ اسمبلی ہیں، سابق دور حکومت میں جام خان شورو صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ تھے۔