قومی اسمبلی کا اجلاس جاری، اپوزیشن لیڈر شہباز شریف ایوان میں موجود

Last Updated On 17 October,2018 11:49 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپیکر اسد قیصر کی زیرصدارت قومی اسمبلی کا اجلاس جاری ہے، اپوزیشن لیڈر شہباز شریف بھی ایوان میں موجود ہیں۔

 پروڈکشن آدڈر پر شہباز شریف قومی اسمبلی اجلاس میں پہنچ گئے، لیگی رہنما کی خورشید شاہ سے ملاقات بھی ہوگئی، نیب کی حالیہ کارروائیوں اور سیاسی صورتحال پر بات چیت ہوئی، شہبازشریف کو پارلیمانی پارٹی اجلاس کی صدارت سے روک دیا گیا۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبا زشریف کی سخت سکیورٹی میں پارلیمنٹ ہاؤس آمد ہوئی، اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو آمد پر پارلیمانی پارٹی اجلاس کی صدارت سے روکا گیا۔ نیب حکام نے کہا آپ کا پروڈکشن آرڈر صرف قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے ہے۔

شہباز شریف پارلیمانی پارٹی اجلاس کی صدارت کئے بنا ایوان میں پہنچے، جہاں ان کی پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ ملاقات ہوئی، ملاقات میں نیب کی حالیہ کارروائیوں اور سیاسی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔ شہباز شریف نے پارٹی کے سینئر رہنماؤں سے مشاورت بھی کی، جس میں مشاہد اللہ، رانا ثنااللہ، احسن اقبال اور آصف کرمانی موجود تھے۔

ملاقات میں قومی اسمبلی کے اجلاس کے حوالے سے حکمت عملی پرغور کیا گیا۔ مسلم لیگ نون کے صدر قومی ایئر لائن کی پرواز پی کے 652 سے اسلام آباد کیلئے روانہ ہوئے، نیب کی 2 رکنی ٹیم بھی ان کے ساتھ تھی۔ اسلام آباد ائر پورٹ پہنچنے کے بعد انہیں سخت سکیورٹی میں پارلیمنٹ ہاؤس لیجایا گیا۔

یاد رہے شہباز شریف اجلاس کے دوران سارجنٹ ایٹ آرمز کی نگرانی میں رہیں گے، اجلاس کا وقت ختم ہونے کے بعد اپوزیشن لیڈر نیب کی تحویل میں رہیں گے، اجلاس کے بعد شہبازشریف نیب حکام کی اجازت کے بغیر کسی سے نہیں مل سکیں گے، نیب کی ٹیم اجلاس کے بعد شہباز شریف کو دوبارہ لاہور منتقل کرے گی۔