لاہور: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے پینتالیس دن میں پورے ملک سے غیر قانونی بل بورڈز ہٹانے کا حکم دے دیا، نئے بل بورڈز لگانے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی۔
لاہور میں بل بورڈز کے معاملے کی سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ ریلوے، پی ایچ اے، کنٹونمنٹ اور ڈی ایچ اے کی حدود میں بل بورڈز لگے ہیں۔ کراچی میں آرڈر کیا تھا کہ سڑکوں سے بل بورڈ ہٹائے جائیں، وہی حکم لاہور میں بھی لاگو ہوگا، بل بورڈ ہٹانے کی وجہ سے کراچی صاف ستھرا ہو گیا ہے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ کسی نے بل بورڈز لگانے ہیں تو ذاتی پراپرٹی پر لگائے، پبلک پراپرٹی پر نہیں، کراچی کا فیصلہ آرٹیکل 25 کے تحت دیا، یہ معاملہ بھی آرٹیکل 25 کا ہی ہے۔
جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ بل بورڈز شہر کے لینڈ سکیپ کو آلودہ کرتے ہیں۔ دلائل سننے کے بعد عدالت نے حکم نامہ جاری کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔