سپریم کورٹ نے لاپتا افراد کمیشن سے 2011ء سے اب تک لاپتہ ہونے والے افراد کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔
جسٹس منظور احمد ملک کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے لاپتا افراد سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ لاپتا افراد کمیشن کی جانب سے ماہانہ رپورٹ عدالت میں جمع کرائی گئی جس کے مطابق لاپتا افراد کمیشن میں 5430 کیسز رجسٹرڈ ہوئے جن میں سے تین ہزار پانچ سو پچپن مقدمات نمٹا دیئے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق لاپتا افراد کے ایک ہزار آٹھ سو اڑسٹھ مقدمات زیر التوا ہیں جبکہ ستمبر 2018ء میں 74 نئے مقدمات درج کیے گئے۔ عدالت نے حکم دیا کہ کمیشن 2011ء کے بعد لاپتا ہونے والے تمام افراد کی فہرست پیش کرے۔ مقدمے کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی گئی۔