سکھر: (دنیا نیوز) خورشید شاہ نے وزیرِاعظم کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان ہوش کے ناخن لیں اور سیاست کو سمجھنے کی کوشش کریں، وہ اگر لڑائی میں الجھیں گے تو ہمیشہ کیلئے سیاست سے مٹ جائیں گے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ احتساب انتقامی نہیں ہونا چاہیے، انتقامی احتساب ہوا تو ملک کی سالمیت اور جمہوریت کو خطرہ ہوگا، ایک سیاسی ورکر کی حیثیت سے تمام اداروں اور عدالتوں سے اپیل کرتا ہوں کہ خدا کے واسطے انصاف ایسا ہو جو ہوتا نظر آئے۔
ان کا کہنا تھا کہ نئی حکومت نے غریبوں کو سہانے خواب دکھائے تھے لیکن مہنگائی ختم کرنے کا دعویٰ کرنے والوں نے بجلی اور گیس مہنگی کر دی گئی۔ نئے سیاست دانوں کو الیکشن میں غریب بڑے یاد آتے ہیں، کہتے ہیں پچاس لاکھ لوگوں کو گھر بنا کر دیں گے، شہباز شریف نے آشیانہ سکیم شروع کی تو جیل میں پڑا ہے، پچاس لاکھ گھر کون بنائے گا؟
سکھر میں خطاب کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ میرے خلاف زیادہ نوکریاں دینے کا الزام ہے، ہم ان چیزوں سے نہیں ڈرتے، نوکریاں غریبوں کا حق ہے، ہم نے کسی افغانی یا ایرانی کو نہیں پاکستانیوں کو نوکریاں دیں، ہم روزگار دیتے ہیں اور یہ لوگوں کو نوکریوں سے نکال رہے ہیں۔
انہوں نے کہا سیاست دانوں کو لڑانے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن ہم نہیں لڑیں گے، ہم ترقی چاہتے ہیں الجھنا نہیں چاہتے، وزیراعظم عمران خان نے جو وعدے کیے اسے پورا کریں، ایسی سیاست مت کریں، ورنہ ہمیشہ کے لیے مٹ جائیں گے۔