اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کون ہوگا؟ پاکستان تحریک انصاف مشکل میں پڑگئی۔ عہدہ اپوزیشن کو دیا جائے یا نہیں، پی ٹی آئی رہنماؤں میں اختلاف، اپوزیشن نے بھی عہدہ نہ ملنے کی صورت میں پی اے سی کے بائیکاٹ کی دھمکی دے دی۔
چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی تقرری کا معاملہ، شہباز شریف کو چیئرمین پی اے سی بنانے پر پاکستان تحریک انصاف میں اختلاف پیدا ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اپوزیشن لیڈر کو چیئرمین پی اے سی بنانے کے حامی ہیں۔ اسپیکر قومی اسمبلی چاہتے ہیں کہ جمہوری روایات اور بہتر ورکنگ ریلیشن شپ کیلئے عہدہ اپوزیشن کو دیا جائے جبکہ وزیر اطلاعات فواد چودھری اس کے مخالف ہیں۔ وزیراعظم نے بھی پی اے سی کی چیئرمین شپ اپوزیشن کو نہ دینے کا عندیہ دیا ہے۔
دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں کا کہنا ہے کہ حکومت نے واضح یقین دہانی کرائی تھی کہ چیئرمین پی اے سی اپوزیشن سے ہوگا۔ حکومت نے یوٹرن لیا تو تمام اپوزیشن جماعتیں پی اے سی کا بائیکاٹ کریں گی۔ اپوزیشن قیادت نے اسپیکر قومی اسمبلی کو بھی فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے۔