ملکی مفاد پر سمجھوتہ ناقابل قبول، پاکستان کا دو ٹوک اعلان

Last Updated On 04 October,2018 05:24 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے شکیل آفریدی کا معاملہ ہو یا بھارت سے مذاکرات، ملکی مفاد پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، سی پیک پر چین کے ساتھ اختلاف کی باتوں میں کوئی صداقت نہیں۔

 ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کرتار پور بارڈر کھولنے کا فیصلہ مذاکرات سے مشروط ہے، عالمی عدالت انصاف میں کلبھوشن یادیو کیس کی سماعت 18 فروری کو ہوگی، پاکستان اپنا مقدمہ لڑنے کیلئے مکمل تیار ہے۔ انہوں نے کہا ہم مذاکرات کیلئے بھارت کی منت سماجت نہیں کر رہے، کرتار پورہ بارڈر مذاکرات سے ہی کھل سکتا ہے۔ انہوں نے کہا رواں ہفتے مقبوضہ کشمیر میں 18 معصوم کشمیریوں کی جان لی گئی، قابض فوج نے معصوم کشمیریوں پر کیمیکل ہتھیاروں کا بھی استعمال کیا، پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کی مذمت کرتا ہے۔

ڈاکٹر فیصل نے مزید کہا کہ وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ میں پاکستان کی نمائندگی کی اور خطے میں امن و استحکام کا پیغام دیا،انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان قومی وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، بھارت کیساتھ کشمیر سمیت تمام امور پر بات چیت پر آمادگی ظاہر کی۔ انہوں نے کہا وزیر خارجہ نے مسئلہ کشمیر کے حل اور اقوام متحدہ کی قرادادوں پر عملدرآمد پر زور دیا، انہوں نے چین، قطر، ترکی نائجر سمیت کئی ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں کیں۔