آئندہ مالی سال میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگے گا، وزیرِ خزانہ پختونخوا

Last Updated On 01 October,2018 10:11 pm

پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے آئندہ مالی سال میں کوئی نیا ٹیکس نہ لگانے کی خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ ابتدائی دو سالوں میں صوبے کی بہتری کے حالات پیدا کریں گے۔

 

دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو میں وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا تھا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگےگا، بجٹ میں غریب عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کریں گے، ٹیکس کی شرح میں بھی اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ادوار میں ٹیکس کی وصولی میں ناکامی سے عوام کو ریلیف نہیں مل سکا۔

صوبائی وزیرِ خزانہ کا کہنا تھا کہ پہلے دو سالوں میں صوبے کی بہتری کے حالات پیدا کریں گے جس کے لیے مشکل فیصلے کرنا ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ بجلی کے خالص منافع کے حصول کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی ہے، این ایف سی میں فاٹا کے لیے خیبر پختونخوا اور دیگر صوبے 3 فیصد دیں گے۔