آج سیاحت کا عالمی دن: شوگران کے دلفریب نظاروں کا سحر برقرار

Last Updated On 27 September,2018 04:01 pm

لاہور: (دنیا نیوز) آج دنیا بھر میں سیاحت کا دن منایا جا رہا ہے۔ پاکستان کی وادی شوگران جہاں سبز ڈھلوانیں، فلک بوس پہاڑوں کے درمیان پھیلے وسیع میدان اور حسین نظاروں نے سیاحوں کو اپنے سحر میں جکڑ رکھا ہے۔

پاکستان کے معروف پہاڑی مقام ناران کاغان کے راستے میں نیلے کھلے آسمان، روئی کے گالوں جیسی سفید بدلیاں، سبز ڈھلوانیں، اونچے نیچے بل کھاتے راستوں سمیت دیگر دلکش مناظر پر مشتمل وادی شوگران آتی ہے جو ہر آنے جانے والے کو اپنی جانب کھینچتی ہے۔

وادی شوگران پہنچ کر سیاح اس کی تعریف کئے بغیر نہیں رہتے، قطار اندر قطار ہچکولے کھاتی جیپیں، دشوار گزار راستوں پر خچر کی سواری سیاحوں کے لئے کسی مہم جوئی سے کم نہیں۔

سیاحوں کا کہنا ہے کہ حکومت تھوڑی سی بھی توجہ دے تو شوگران اور ناران میں سیاحت کے فروغ کے ساتھ ساتھ مقامی لوگوں کے روزگار میں بھی اضافہ ہو گا۔

دوسری جانب عالمی یوم ِ سیاحت کے موقع پر خیبر پختونخوا حکومت نے قبائلی علاقہ باب خیبر سے ضلع صوابی تک فور بائی فور کلب کے ممبران پر مشتمل ایک جیپ ریلی کا انعقاد کیا، جس میں 70 سے زیادہ گاڑیاں شریک ہوئیں۔ یہ جیپ ریلی باب خیبر سے شروع ہو کر پشاور، نوشہرہ، مردان اور صوابی ڈسٹرکٹ سے گزرتے ہوئے واپس پشاور میں اختتام پذیر ہوئی۔
اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر ٹورازم کارپوریشن مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ ریلی کا باب خیبر سے منعقد کرنے کا مقصد فاٹا کے صوبہ خیبرپختونخوا میں انضمام کے بعد دنیا کو فاٹا کے سیاحتی مقامات کی جانب راغب کرنا ہے۔ یاد رہے عالمی یوم سیاحت آج کے دن یواین ڈبلیو ٹی او کے نامزد کردہ تھیم کے تحت ہر سال منایا جاتا ہے۔