بھارت متنازعہ ڈیموں کا معائنہ کرانے کی یقین دہانی کرا کر مکر گیا

Last Updated On 26 September,2018 12:08 pm

لاہور: (دنیا نیوز) بھارت نے پاکستانی وفد کو دریائے چناب پر دو متنازعہ ڈیموں کا معائنہ کرانے سے انکار کر دیا ہے۔ بھارتی ڈیموں پکل دل اور لوئر کلنائی کی تعمیر پر پاکستانی اعتراضات کے بعد بھارت نے معائنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

تفصیلات کے مطابق، بھارتی انڈس واٹر کمشنر پی کے سکسینا کی سربراہی میں وفد نے اگست میں پاکستان کا دورہ کیا، پاکستان نے بھارتی آبی جارحیت پر اعتراضات اٹھائے۔ جس پر ستمبر کے آخری ہفتے میں پاکستانی وفد کو پکل دل اور لوئر کلنائی ڈیمز کے معائنہ کی یقین دہانی کرائی گئی۔ پاکستانی حکام کے رابطہ کرنے پربتایا گیا کہ معائنہ ستمبر کی بجائے اکتوبر کے دوسرے ہفتے میں ہوگا۔ پھر ایک خط کے ذریعے ضلعی انتظامیہ کی مقامی انتخابات کے باعث مصروفیات کا کہہ کر معائنہ سے انکار کر دیا گیا۔

پاکستانی حکام نے بھارتی خط ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے یقین دہانی کرانے کے بعد اچانک معائنہ کرانے سے انکار کر دیا جو مایوس کن ہے۔