بھارت نے مزید پانی چھوڑ دیا، دریا کے قریب آبادیوں کو خطرہ لاحق

Last Updated On 25 September,2018 03:13 pm

لاہور: (دنیا نیوز) بھارت نے دریائے ستلج اور راوی میں مزید پانی چھوڑ دیا، باکھڑا ڈیم کے سپل ویز بھی کھول دیئے، قصور کا روہی نالہ بھی آؤٹ آف کنٹرول ہوگیا، ملحقہ آبادیوں کو خطرہ لاحق ہونے سے لوگوں نے نقل مکانی شروع کر دی۔

بھارت کی آبی جارحیت جاری ہے، قصور کا روہی نالہ پڑوس ملک سے آنے والے پانی سے آؤٹ آف کنٹرول ہو کر قریبی دیہات میں داخل ہو گیا، ہزاروں ایکڑ رقبے پر کھڑی فصلیں ڈوب گئیں، مکین اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہو گئے۔ 63 ہزار کیوسک کا خطرناک ریلا شاہدرہ کی جانب بڑھ رہا ہے، دریائے ستلج سے بھی بڑا سیلابی ریلہ 48 گھنٹے میں گزرنے کیلئے تیار ہے، جس سے ملحقہ آبادیوں کو خطرہ ہے۔

سیالکوٹ کے نالہ "ایک"میں بھی بہاؤ بڑھنے لگا، بسنتر نالہ میں بھی درمیانی درجے اور ہیڈ مرالہ پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، پانی کابہاؤ 55 ہزار 713 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ بھارت سے آنے والے پانی سے دریائے راوی اور نالہ بئیں میں طغیانی آگئی۔ شکرگڑھ کا وسیع علاقہ زیر آب آ گیا، جس سے دھان کی تیار فصل تباہ ہو گئی، پسرور میں سیلابی پانی میں تین پل بہہ جانے سے 10 دیہات کا رابطہ تاحال منقطع ہے، انتظامیہ کی جانب سے ابھی تک کوئی انتظامات نہیں کئے گئے، لوگ شدید اذیت سے دوچار ہیں۔