جعلی بینک اکاؤنٹس کیس 17 ستمبر کو سماعت کیلئے مقرر

Last Updated On 14 September,2018 11:44 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیف جسٹس نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس 17 ستمبر کو سماعت کیلئے مقرر کر دیا جبکہ ایف آئی اے نے گرفتار ملزمان انور مجید اور عبدالغنی مجید کے طبی معائنے کیلئے سپریم کورٹ کو خط لکھ دیا ہے۔

جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں گرفتار انور مجید اور عبدالغنی مجید کے طبی معائنے کیلئے ایف آئی اے نے اعلی اختیاراتی میڈیکل بورڈ کی تشکیل کیلئے سپریم کورٹ کو خط لکھ دیا ہے۔

خط میں کہا گیا کہ دونوں ملزمان کو 15 اگست کو گرفتار کیا گیا تھا، انور مجید 17 اگست سے کراچی کے ایک ہسپتال میں زیرعلاج ہیں، عبدالغنی مجید 27 اگست سے کراچی کے نجی ہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔

چیف جسٹس پہلے ہی ان کا معائنہ پمز یا الشفاء اسپتال سے کروانے کا کہہ چکے، ملزمان کے میڈیکل بورڈ میں ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم شامل کی جائے، خط نے ایف آئی اے نے یہ بھی بتایا کہ سپریم کورٹ کی طرف سے بنائی گئی جے آئی ٹی نے کام شروع کردیا ہے۔