اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کا کہنا ہے پاکستان میں پیدا ہونے والے بچوں کی شہریت ان کا حق ہے، 45 سال سے یہاں رہنے والوں کے حقوق سلب کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا عالمی قوانین ہیں کہ مہاجرین کو زبردستی واپس نہیں بھیج سکتے، یہ انسانی حقوق کا معاملہ ہے، بنگالی مہاجرین کے یہاں پیدا ہونے والےبچوں کو شہریت ملنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا بنگلادیشی مہاجرین کی نسلیں یہاں پروان چڑھ رہی ہیں، جو مہاجرین یہاں آباد ہیں ان کے لیے قانون بنانا ہوگا، اگر ان مہاجرین سے متعلق فیصلہ نہ کیا گیا تو مسائل پیدا ہوں گے۔
عمران خان کا کہنا تھا فیصلہ کرنے سے پہلے سب کے ساتھ مشاورت کریں گے، بنگالی مہاجرین طویل عرصہ سے پاکستان میں شہریت کے بغیر رہ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا مہاجرین کو شہریت دینے کا ابھی فیصلہ نہیں کیا، ارکان تجاویز دیں، یہ سوال پوچھتا رہوں گا کہ مہاجرین کا کیا بنے گا ؟۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ کراچی کے اسٹریٹ کرائمز میں اضافہ بے روزگاری کی وجہ سے ہے، جو لوگ یہاں سیٹل ہو گئے ہیں ان کو حقوق دینے پڑیں گے۔