نندی پور ریفرنس: بابر اعوان اور راجا پرویز اشرف عدالت میں پیش

Last Updated On 18 September,2018 05:42 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیرِاعظم راجا پرویز اشرف اور سابق وفاقی وزیرِ قانون بابر اعوان نندی پور پاور پراجیکٹ ریفرنس میں اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش ہو گئے۔ عدالت نے دونوں ملزمان کو دو، دو لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے اور دو اکتوبر کو دوبارہ پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے نندی پور پاور پراجیکٹ ریفرنس کی سماعت کی، نیب نے منصوبے سے متعلق قانونی رائے میں تاخیر سے لاگت میں اضافے اور قومی خزانے کو نقصان پر پرویز اشرف، بابر اعوان و دیگر کیخلاف ریفرنس دائر کر رکھا ہے۔

سابق وزیرِاعظم راجا پرویز اشرف، سابق وزیرِ قانون بابر اعوان کی حاضری لگائی گئی جبکہ مزید دو ملزمان غیر حاضر رہے۔ عدالت نے پرویز اشرف اور بابر اعوان کو دو، دو لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے اور آئندہ سماعت پر تمام ملزمان کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی، مقدمے کی مزید سماعت دو اکتوبر کو ہو گی۔

عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجا پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ انہیں یہ سمجھ نہیں آ رہا ان کا نام ریفرنس میں کیوں شامل ہوا ؟ اب عدالت آ ہی گئے ہیں تو اپنی صفائی پیش کریں گے، مجھے اس کیس کا کوئی سر پیر نظر نہیں آ رہا۔