کےپی ٹی میں غیرقانونی بھرتیاں، بابرغوری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

Last Updated On 15 September,2018 07:17 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم کے سابق رہنماء بابر غوری کے گرد بھی گھیرا تنگ، نیب کی جانب سے اربوں روپے کی کرپشن کا ریفرنس نیب کورٹ میں دائر، عدالت نے بابر غوری کی گرفتاری کا حکم جاری کردیا۔

سابق وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ بابرغوری کے خلاف طویل انکوائری کے بعد معاملہ آخرکار کورٹ تک پہنچ گیا۔ بابر غوری پر اختیارات کے ناجائز استعمال اور اربوں روپے کی کرپشن کا الزام ہے۔ بابر غوری نے دیگر ملزموں کے ساتھ 2012 میں کے پی ٹی میں 9 سو 40 افراد کو غیر قانونی طور پر بھرتی کیا۔انکوائری شروع ہونے کی اطلاع ملتے ہی بابر غوری بیرون ملک چلے گئے۔ نیب نے کارروائی کرتے ہوئے کے پی ٹی کے سابق چیئرمین جاوید حنیف کو گرفتار کر لیا جبکہ سابق جنرل منیجر اختر فاروقی نےعبوری ضمانت حاصل کرلی۔

نیب نے انکوائری مکمل کرکے ریفرنس عدالت میں داخل کر دیا ہے جس میں ملزموں پر اختیارات کے ناجائز استعمال اور 940 غیر قانونی بھرتیاں کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ ملزموں کے اقدام سے کے پی ٹی کو 2 ارب 88 کروڑ 55 لاکھ سے زائد کا نقصان پہنچا۔

نیب کورٹ نے ریفرنس کو قابل سماعت قرار دیتے ہوئے بابر غوری اور دیگر مفرور ملزموں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ملزموں کو گرفتار کر کے 22 ستمبر کو عدالت میں پیش کریں۔