پیرول کی مدت ختم، نواز شریف، مریم اور صفدر اڈیالہ جیل منتقل

Last Updated On 17 September,2018 10:02 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پیرول کی مدت ختم ہونے پر نواز شریف، مریم نواز اور محمد صفدر کو اڈیاالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔

تینوں کو خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور سے راولپنڈی ائیرپورٹ لایا گیا۔ نواز شریف نے شہباز شریف کی پیرول میں مزید توسیع کی درخواست دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ پہلے بھی آپ کی ضد پر مانا لیکن اب نہیں مانوں گا۔

سابق وزیرِاعظم میاں نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد محمد صفدر کو خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور سے بینظیر انٹرنیشنل ائیرپورٹ راولپنڈی لایا گیا اور سخت سیکیورٹی میں اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا۔ صدر مسلم لیگ نون شہباز شریف بھی طیارے میں ساتھ آئے، اس سے پہلے تینوں کو جاتی امرا سے سخت سیکیورٹی میں لاہور ائیرپورٹ لایا گیا۔

جاتی امرا سے روانگی سے قبل نواز شریف نے والدہ اور خاندان کے دیگر افراد سے الوداعی ملاقات کی تو ماحول افسردہ ہو گیا۔ سابق وزیراعظم والدہ کو تسلیاں دیتے رہے اور کہا کہ ماں جی گھبرانا نہیں، مشکل وقت ہے، جلد گزر جائے گا۔

نواز شریف نے شہباز شریف کو والدہ کا خصوصی خیال رکھنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ ہمت نہیں ہارنی، یہ اللہ تعالیٰ کی آزمائش ہے۔ اس موقع پر والدہ نے بھی بیٹے کا حوصلہ بڑھایا جبکہ مریم اور محمد صفدر کو بھی دعائیں دیں۔

 

ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نے بڑے بھائی سے پیرول میں مزید توسیع لینے پر اصرار کیا جس پر نواز شریف کا کہنا تھا کہ پہلے بھی وہ شہباز شریف کی ضد پر مانے تھے، اب توسیع نہیں لیں گے۔

نواز شریف، مریم نواز اور محمد صفدر کو بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر پچھلے منگل اور بدھ کی درمیانی شب 12 گھنٹے کے لیے پیرول پر رہائی دی گئی تھی، بعد میں پنجاب حکومت نے پیرول میں پانچ روز کی توسیع کر دی تھی۔