ملک بھر میں ریلوے کی بکنگ کا نظام بیٹھ گیا، مسافر پریشان

Last Updated On 16 September,2018 01:57 pm

کراچی: (روزنامہ دنیا) ملک بھر میں پاکستان ریلوے کی بکنگ کا نظام بیٹھ گیا، جس سے کراچی میں بھی مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ ریلوے حکام کے مطابق لنک ڈاؤن ہونے سے بکنگ نظام میں خلل آیا۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھرمیں ریلوے کا بکنگ نظام بیٹھ گیا، بیک اپ نظام کی مدد سے چند سٹیشنز پر کام جاری رہا، تاہم کراچی سٹی اور حیدرآباد کے علاوہ کراچی ڈویژن میں تمام جگہ بکنگ بند کر دی گئی۔ سسٹم بیٹھ جانے کی وجہ سے سٹیشنز پر سیٹوں کی بکنگ کے لیے آئے مسافروں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

ڈی سی او ریلوے اسحاق بلوچ نے سسٹم میں پیدا ہونے والی خرابی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ لاہور سے لنک ڈاؤن ہوا، جس کے باعث بکنگ نہیں ہو پا رہی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی کا سسٹم ٹھیک تو ہے مگر لنک بند ہونے کی وجہ سے کینٹ، ڈرگ روڈ اور لانڈھی سٹیشنز پر بکنگ بند کر دی گئی تھی، تاہم صرف سٹی اسٹیشن پر ٹکٹس کی بکنگ کا عمل جاری رہا۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان ریلوے کے آئی ٹی ماہرین کی ٹیم نے چندگھنٹوں کی کوشش کے بعد بکنگ سسٹم کو بحال کر دیا۔ اسحاق بلوچ نے بتایا کہ سسٹم میں خرابی پی ٹی سی ایل فائبر آپٹک لنک بیٹھ جانے کے باعث پیش آئی۔