اسلام آباد: (دنیا نیوز) رہنما تحریک انصاف عارف علوی نے 13 ویں صدر پاکستان کا منصب سنبھال لیا، حلف برداری تقریب ایوان صدر میں ہوئی، چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے نومنتخب صدر سے حلف لیا.
صدر عارف علوی تحریک انصاف کے بانی ارکان میں شامل رہے، انھوں نے منگل، 4 ستمبر کو منعقد ہونے والے صدارتی انتخاب میں قومی اسمبلی ، سینیٹ اور چاروں صوبائی اسمبلیوں پر مشتمل الیکٹورل کالج سے 352 ووٹ لے کر واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کی تھی۔ ایوان صدر میں منعقدہ حلف برداری تقریب میں وزیراعظم عمران خان، چئیر مین سینیٹ صادق سنجرانی، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وفاقی وزرا، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، سندھ، بلوچستان اور کے پی کے وزرائے اعلی، گورنر سندھ،پنجاب اور کےپی سمیت سیاسی و حکومتی شخصیات شریک ہوئیں۔ اس موقع پر پاکستان کے دورے پر آئے مہمانوں چینی وزیر خارجہ وانگ ژی اور سعودی وزیر اطلاعات عواد بن صالح بھی خصوصی طور پر تقریب میں شریک ہوئے۔
بعد ازاں ایوان صدرِ میں صدرِ مملکت عارف علوی کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ صدرِ مملکت نے ایوانِ صدر کے عملے سے فرداً فرداً مصافہ کیا۔
عارف علوی کا تعلق کراچی شہر سے اور پیشے کے لحاظ سے ڈینٹسٹ ہیں، انھوں نے زمانہ طالبعلمی سے سیاست میں حصہ لینا شروع کر دیا اور 1996 میں تحریک انصاف کی بنیاد رکھنے والے والوں میں شامل تھے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے 2013 میں اپنی پارلیمانی سیاست کا آغاز کیا جب وہ پہلی مرتبہ کراچی کے حلقے 205 سے پارلیمنٹ کے رکن منتخب ہوئے۔