بیگم کلثوم نواز کو جاتی امراء میں سپردِ خاک کر دیا گیا

Last Updated On 14 September,2018 10:23 pm

لاہور: (دنیا نیوز) بیگم کلثوم نواز میاں شریف کے پہلو میں سپردِ خاک، میڈیکل کمپلیکس گراؤنڈ میں نماز جنازہ ادا کی گئی، چیئرمین سینیٹ، سپیکر قومی اسمبلی، گورنر پنجاب، چودھری برادران، خورشید شاہ اور دیگر جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق بیگم کلثوم نواز کی نمازِ جنازہ مولانا طارق جمیل کی امامت میں ادا کر دی گئی ہے۔ شریف میڈیکل سٹی میں ادا کی جانے والی مرحومہ کی نمازِ جنازہ میں غیر ملکی شخصیات، اہم سیاسی قائدین اور مسلم لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مرحومہ بیگم کلثوم نواز کو ان کے سسر میاں شریف کے پہلو میں سپرد خاک کیا گیا، ان کی رسمِ قل 16 ستمبر بروز اتوار عصر تا نماز مغرب جاتی امراء میں ادا کی جائے گی۔

بیگم کلثوم نواز کی نمازِ جنازہ میں شرکت کرنے والوں میں سابق صدر ممنون حسین، حاصل بزنجو، میاں افتخار حسین، آفتاب شیر پاؤ، افراسیاب خٹک، زاہد خان، وزیرِاعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر، سپیکر قومی اسمبلی، وزیر اطلاعات مشتاق منہاس اور دیگر نے نواز شریف سے تعزیت کی اور نمازِ جنازہ میں شرکت کی۔

دیگر رہنماؤں میں مسلم لیگ ن کے رہنما راجا ظفرالحق، اقبال ظفر جھگڑا، مشاہد اللہ خان، مشاہد حسین سید، زبیر احمد، ایاز صادق، زاہد حامد، دانیال عزیر، خواجہ سعد رفیق، ڈاکٹر اسد اشرف، رانا مشہود، سابق وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی، راحیل منیر، مصدق ملک، طلال چودھری، پرویز ملک، خواجہ عمران نذیر، علی پرویز، میئر لاہور مبشر جاوید، امیر مقام، بلال یاسین اور زبیر گل بھی تعزیت کیلئے پہنچے اور نمازِ جنازہ میں شرکت کی۔

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کا وفد سربراہ خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں بیگم کلثوم نواز کے جنازے میں شرکت کے لیے لاہور پہنچا اور مرحومہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا کردار پاکستان کی سیاسی تاریخ میں سنہرے حرفوں سے لکھا جائے گا۔

صدر ایم ایم اے مولانا فضل الرحمان بھی وفد کے ہمراہ جاتی امراء پہنچے اور میاں نواز شریف سے ملاقات کی اور اہلیہ کے انتقال پر ان سے تعزیت کا اظہار کیا۔ نمازِ جنازہ سے قبل مولانا فضل الرحمان نے پنڈال میں کلثوم نواز کے درجات کی بلندی کیلئے اجتماعی دعا بھی کرائی۔

مولانا فضل الرحمان نے اس موقع پر کہا کہ مرحومہ ایک بہادر خاتون تھیں، انہوں نے جمہوریت کی بالادستی کے لئے جو جدوجہد کی وہ نا قابل فراموش ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس دکھ کی گھڑی میں ہم شریف خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

نمازِ جنازہ کے موقع پر کلثوم نواز کے انتقال پر تعزیت کرنے کیلئے خواتین کی بھی بڑی تعداد پہنچی اور مریم نواز سے ملاقات کی۔ مریم نواز تقریباً ایک گھنٹے تک خواتین کے پنڈال میں موجود رہیں۔

مریم نواز سے ملنے کیلئے آنیوالی لیگی رہنماؤں عظمیٰ بخاری اور حنا پرویز بٹ نے اس موقع پر کہا کہ کلثوم نواز کا دنیا سے جانا نہ صرف ن لیگ بلکہ جمہوریت کیلئے بڑا نقصان ہے۔ اس موقع پر نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر اور ان کے بیٹے جنید صفدر بھی خواتین کے پنڈال میں موجود تھے۔

گورنر پنجاب چودھری سرور اور وزیرِاعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار پر مشتمل پی ٹی آئی کے وفد نے بھی شریف فیملی سے تعزیت کی اور نمازِ جنازہ میں شرکت کی۔

نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے حوالے سے خصوصی ٹریفک پلان ترتیب دیا گیا تھا۔ نمازِ جنازہ میں شرکت کیلئے آنے والے لوگوں کی گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے مختلف مقامات مخصوص کیے گئے تھے۔ جاتی امرا میں سیکیورٹی پر حساس ادارے اور پولیس کے کمانڈوز تعینات ہیں۔

اس سے قبل جمعرات کو پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر چار بج کر 22 منٹ پر لندن کے ریجنٹ اسلامک پارک میں سابق خاتون اول کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔

نماز جنازہ میں حسین نواز، حسن نواز، شریف فیملی کے خاندان کے دیگر افراد، شہباز شریف، اسحاق ڈار، چودھری نثار، دانیال چودھری، پاکستانی ہائی کمیشن کے حکام، سابق وزیرِاعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ زہری کے علاوہ لیگی کارکنان اور اوورسیز پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ نمازِ جنازہ امام شیخ خلیفہ عزت نے پڑھائی، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔