حکومت کا سی پیک منصوبہ ہر صورت مکمل کرنے کا اعلان

Last Updated On 13 September,2018 06:40 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومتِ پاکستان نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کو ہر صورت مکمل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے دیگر ممالک کی شمولیت کا عندیہ دیدیا ہے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار کے زیرِ صدارت سی پیک سے متعلق اعلیٰ سطح کا ایک اہم اجلاس ہوا جس میں پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ ہر صورت مکمل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے خطے کے مزید ممالک کو بھی شامل کرنے کا عندیہ دیا گیا۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار نے کہا کہ ریلوے ایم ایل ون منصوبہ، اورنج ٹرین اور موٹرویز کی تعمیر سے زیادہ اہم ہے، سرمایہ کاری کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ گوادر کو الگ منصوبے کے طور پر پیش کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں میری ٹائم کارگو کو شروع کیا جائیگا جبکہ کوئلے سے چلنے والے نئے پاور پلانٹس بند کیے جا رہے ہیں۔