وزیرِاعظم سے چینی وزیرِ خارجہ اور سعودی وزیرِ اطلاعات کی ملاقات

Last Updated On 09 September,2018 11:27 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِاعظم عمران خان سے چینی وزیرِ خارجہ وانگ ژی نے ملاقات کی۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ چینی وزیرِ خارجہ نے منصب سنبھالنے پر وزیرِاعظم کو مبارکباد دی اور چینی قیادت کا پیغام پہنچایا کہ وہ پاکستان کیساتھ مل کر کام کرنے کیلئے پرعزم ہے۔

چینی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ پاک چین دوستی ایک مثال کی حیثیت رکھتی ہے، سی پیک کا فائدہ دونوں ممالک کے عوام کو پہنچے گا۔

وانگ ژی نے وزیراعظم عمران خان کو دورہ چین کی دعوت دی، عمران خان نے چینی وزیراعظم کے ٹیلی فون اور دورے کی دعوت پر شکریہ ادا کیا۔

چینی قیادت کی نیک خواہشات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیرِاعظم نے حکومت کی جانب سے سی پیک پر عملدرآمد کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستانی خارجہ پالیسی کا اہم جزو ہے۔

دوسری جانب سعودی وزیرِ اطلاعات عواد بن صالح پاکستان کا تین روزہ دورہ مکمل کر کے خصوصی طیارے کے ذریعے واپس وطن روانہ ہو گئے ہیں۔ وہ وفد کے ہمراہ پاکستان آئے تھے۔

دورے کے دوران انہوں نے صدرِ پاکستان، وزیرِاعظم، آرمی چیف، سپیکر، خارجہ، اطلاعات اور مذہبی امور کے وزرا سے ملاقاتیں کیں۔ وزیرِاعظم عمران خان سے ملاقات میں سعودی وزیرِ اطلاعات نے منصب سنبھالنے پر وزیرِاعظم کو مبارکباد دی اور اپنی قیادت کی جانب سے حکومت سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ اور پائیدار تعلقات ہیں، پاکستان میں سعودی عرب کی سرمایہ کا خیر مقدم کریں گے۔ پاکستان میں پٹرولیم، زراعت اور لائیو سٹاک میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں توازن کی ضرورت ہے۔

سعودی وزیرِ اطلاعات ڈاکٹرعواد بن صالح کا پاکستان سے سعودی عرب روانگی سے پہلے میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ پاکستان میں تین دن کا کامیاب دورہ رہا اور تمام ملاقاتیں بہت معنی خیز ثابت ہوئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں مل کر کام کرنے پر اتفاق ہوا۔ پاکستان کی نئی حکومت کے ساتھ پہلے سے زیادہ مضبوط روابط اور اسلامی ممالک کی بہتری کیلئے مل کر کام کریں گے۔