اسلام آباد: (دنیا نیوز) مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے پاک چین اقتصادی راہداری سے متعلق برطانوی میڈیا کی خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملء میں جلد وضاحتی بیان جلد جاری کیا جائے گا۔
مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے سی پیک سے متعلق غیر ملکی میڈیا میں چلنے والی خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے بیان کا کچھ حصہ غلط چلایا گیا۔
عبدالرزاق داؤد کا میڈیا سے غیر رسمی بات چیت میں کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) سے متعلق انٹرویو کا کچھ حصہ سیاق وسباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، اب میڈیا کو کوئی انٹرویو نہیں دوں گا اور جلد وضاحتی بیان جاری کروں گا۔
خیال رہے کہ غیر ملکی میڈیا میں وزیرِاعظم کے مشیر برائے صنعت و تجارت عبدالرزاق داؤد کے حوالے سے ایک خبر چھپی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ تمام سی پیک منصوبوں پر ایک سال کے لیے عمل روک دینا چاہیے۔
غیر ملکی میڈیا میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ عبدالرزاق داؤد نے کہا تھا کہ گزشتہ حکومت نے سی پیک پر چین کے ساتھ بہتر طور پر مذاکرات نہیں کیے، انہوں نے اپنا ہوم ورک صحیح سے نہیں کیا اور درست طرح سے مذاکرات نہیں کیے، تاہم اب مشیر تجارت نے اس خبر کی سختی سے تردید کر دی ہے۔