وزیرِاعظم کا دیامربھاشا اور مہمند ڈیمز کی جلد تکمیل پر زور

Last Updated On 10 September,2018 10:04 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِاعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ڈیموں کی تعمیر کی افادیت کے پیشِ نظر منصوبے کی نگرانی میں اپنے ذمہ لے سکتا ہوں۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین واپڈا مزمل حسین نے وزیرِاعظم کے ساتھ ملاقات کی اور انھیں ڈیموں کی تعمیر سے متعلق بریف کیا۔ اس ملاقات کے بارے میں عوام کو آگاہ کرتے ہوئے عمران خان نے بتایا کہ آج چیئرمین واپڈا سے ملاقات میں دیامیربھاشا اور مہمند ڈیمز کی جلد تکمیل پر زور دیا، معاملے کی افادیت کے پیش نظر میں منصوبے کی نگرانی اپنے ذمہ لے سکتا ہوں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں وزیرِاعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے حصے میں سالانہ 145 ملین ایکڑ فٹ پانی آتا ہے جس کا 80 فیصد پانی 3 ماہ جبکہ 20 فیصد باقی 9 ماہ میں آتا ہے۔

وزیرِاعظم نے کہا کہ پاکستان میں پانی کے صرف 185 ذخائر ہیں جن میں محض 2 ڈیم بڑے ہیں جبکہ ہمارے مقابلے میں بھارت کے پاس 5000 آبی ذخائر ہیں۔
عمران خان نے لکھا کہ چین میں 4 ہزار بڑے ڈیمز سمیت مجموعی طور پر 84 ہزار آبی ذخائر موجود ہیں، ہمیں پاکستان کو بڑھتے ہوئے آبی بحران سے محفوظ بنانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 50 لاکھ گھروں کی تعمیر، وزیرِاعظم وعدے کی تکمیل کیلئے پرعزم