پی ٹی آئی حکومت کا بڑے فیصلوں سے عوام کو آگاہ کرنے کا فیصلہ

Last Updated On 09 September,2018 11:28 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِاعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی ہے کہ عوام کو حکومت کے اچھے کاموں سے آگاہ کیا جائے اور اس کے ثمرات عوام تک پہنچائے جائیں۔

ذرائع کے مطابق وزیرِاعظم عمران خان کے زیرِ صدارت بنی گالہ میں اہم اجلاس ہوا جس میں اسد عمر، نعیم الحق، افتخار درانی شبلی فراز، علی زیدی، فرخ حبیب اور علی محمد خان نے شرکت کی۔

وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے ملک کی معاشی صورتحال پر بریفنگ دی جبکہ اجلاس میں ضمنی انتخابات کے ٹکٹوں سے متعلق مشاورت بھی کی گئی۔

اجلاس میں 100 روزہ پلان پر پیش رفت، حکومتی کارکردگی پر عوامی ردعمل اور دیگر اہم قومی معاملات سے متعلق بھی مشاورت کی گئی۔

اجلاس کے دوران وزیرِاعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ حکومتی کارکردگی اور اس کے ثمرات عوام تک پہنچائے جائیں۔

وزیرِاعظم عمران خان کے زیرِ صدارت میڈیا سٹریٹجی اجلاس میں پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے تحریک انصاف کی حکومت کے بڑے فیصلوں کو ہائی لائٹ کرنے کا فیصلہ کیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ن لیگی حکومت کی شاہ خرچیوں کی تفصیلات عوام کے سامنے لائی جائیں گی جبکہ معاشی، بالخصوص پاور اور انرجی سیکٹر میں بد حالی پر بریفنگز دینے اور تمام فیصلے مشاورت کے ساتھ پارلیمان کو اعتماد میں لے کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔