اسلام آباد: (دنیا نیوز) سرکاری ملازمین کو نکالنے یا نہ نکالنے کے بارے میں وزیرِاعظم آفس نے وضاحتی بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے کوئی سرکلر جاری نہیں کیا گیا۔
وزیرِاعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 28 اگست کو سرکاری ملازمین کو نہ نکالنے سے متعلق کوئی سرکلر جاری نہیں کیا، ملازمین کو نہ نکالنے کے حوالے سے جاری سرکلر جعلی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ جعلی سرکلر جاری ہونے کے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیدیا گیا ہے، ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
یاد رہے کہ 28 اگست کو میڈیا پر خبریں چلی تھیں کہ نئی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ عدالتی احکامات کےعلاوہ کوئی سرکاری ملازم نوکری سے برطرف نہ کیا جائے۔
خبروں میں کہا گیا تھا کہ اس حوالے سے وزیرِاعظم آفس نے خصوصی ہدایت نامہ جاری کرتے ہوئے سیکریٹری اعظم خان کی جانب سے تمام سرکاری محکموں کے سربراہان کو مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے جس میں ہدایت جاری کی گئی ہے کہ سرکاری اداروں میں کام کرنے والے کسی بھی مستقل یا کنٹریکٹ ملازم کو نوکری سے نہ نکالا جائے جبکہ سرکاری ملازمین کیخلاف نظم وضبط کی کارروائی بھی آئندہ احکامات تک روکی جائے۔