اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم ہاؤس کی گاڑیوں کی نیلامی رکوانے کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پاکستان عوامی لیگ چودھری ناصر نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ وزیرِاعظم ہاؤس نے اخباری اشتہار میں نیلامی کیلئے پیش کی گئی گاڑیوں کی فہرست دی ہے، ان میں زیادہ تر گاڑیاں غیر ملکی مہمانوں کے استعمال کیلئے ہیں۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سوشل میڈیا اور اخبارات کے مطابق اشتہار پر 8 کروڑ روپے خرچ کئے گئے، اشتہاروں پر خرچ کی گئی رقم سے متعلق جاننا عوام کا حق ہے۔
درخواست گزار کا کہنا ہے کہ نیلامی کے بعدغیر ملکی مہمانوں کی آمدورفت کیلئے کرائے پر گاڑیاں حاصل کی جائیں گی، کرائے کی مد میں کی گئی ادائیگیوں کا بوجھ عوام کے کندھوں پر آئے گا، اس لیے عدالت سے استدعا ہے کہ درخواست پر فیصلہ آنے تک 17 ستمبر کو ہونے والی نیلامی کو روکا جائے، درخواست میں وزیراعظم عمران خان کو فریق بنایا گیا ہے۔
خیال رہے کہ وزیرِاعظم ہاؤس کی جانب سے 102 لگژری گاڑیوں کی نیلامی کیلئے قومی اخبارات میں اشتہار دیا گیا ہے جس کے مطابق نیلامی 17 ستمبر کو وزیرِاعظم ہاؤس میں ہو گی۔
اشتہار کے مطابق 102 گاڑیاں نیلامی کے لیے پیش کی جائیں گی جن میں 27 بلٹ پروف، جدید نان پروٹیکٹڈ اور بعض 25 سے 30 سال پرانے ماڈلز کی گاڑیاں بھی نیلام کی جائیں گی۔ یہ ملکی تاریخ کی سب سے پہلی نیلامی ہو گی۔
گاڑیوں کو نیلامی سے قبل دیکھنے کے خواہش مند حضرات 13 اور 14 ستمبر کو دفتری اوقات میں وزیرِاعظم ہاوس کے پارکنگ ایریا میں ملاحظہ کی جا سکتی ہیں۔ وزیرِاعظم ہاؤس کے بعد وفاقی وزارتوں میں بھی یہی اقدام اپنایا جائے گا۔
یاد رہے کہ عمران خان نے وزیرِاعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد قوم سے اپنے پہلے خطاب میں کہا تھا کہ وہ پی ایم ہاؤس کی لگژری گاڑیوں کو نیلام کر دیں گے۔