لاہور: (دنیا نیوز) حمزہ شہباز شریف کو پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مقرر کردیا گیا، سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی نے نوٹیفیکشن جاری کردیا۔
پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے تقرر کے معاملے پر سپیکر اسمبلی چوہدری پرویز الہی نے ارکان کے دستخطوں کی تصدیق کے بعد عملی اقدام اٹھایا ہے اور حمزہ شہباز شریف کو پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مقرر کردیا ہے۔
اپوزیشن لیڈر کے لیے مسلم لیگ ن کی جانب سے دی جانے والی درخواست میں بعض دستخطوں پر اعتراض سامنے آیا تھا جس پر دوران جانچ پڑتال یہ بات سامنے آئی کہ ایک ہی شخص نے تمام ارکان کے دستخط کیے۔ بعد ازاں اسمبلی سیکرٹریٹ نے ارکان کو بلا کر دستخطوں کی تصدیق کی اور یہ عمل مکمل کرنے کے بعد حمزہ شہباز کا نوٹیفیشکن جاری کردیا گیا۔ اپوزیشن چیمبر کے لیے اسمبلی سٹاف کا بھی نوٹیفیکشن جاری کر دیا گیا ہے۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ شہباز شریف قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ہیں جبکہ پنجاب اسمبلی میں ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کو یہ منصب ملا ہے۔