وزیرِ خارجہ کا ڈچ ہم منصب کو فون، اسلام مخالف رجحانات کم کرنے پر زور

Last Updated On 31 August,2018 08:38 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے ہالینڈ کے ہم منصب کو ٹیلیفون کر کے گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ رکوانے کیلئے دونوں حکومتوں کی کوششوں پر بات چیت کی ہے۔

وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے ڈچ ہم منصب سے بات چیت میں مذہبی نفرت انگیزی پر قابو پانے اور دونوں تہذیبوں کے درمیان روابط مضبوط کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

خیال رہے کہ کچھ روز قبل بھی شاہ محمود قریشی نے ہالینڈ کے ہم منصب سے رابطہ کر کے گستاخانہ خاکوں کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ ایسے اقدام سے نفرت، عدم برداشت کو تقویت ملے گی اور مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوں گے۔

ہالینڈ کے وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ یہ ایک انفرادی اقدام ہے، ہالینڈ کی حکومت کا نہ تو اس مقابلے سے کوئی تعلق ہے اور نہ ہی وہ اس کی حمایت کر رہی ہے۔ دونوں وزرائے خارجہ نے اس معاملہ میں مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی بڑی کامیابی، ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ منسوخ

یاد رہے کہ ہالینڈ کی اسلام مخالف جماعت فریڈم پارٹی آف ڈچ کے رہنما گیرٹ ویلڈرز نے دنیا بھر کے مسلمانوں میں اشتعال کا سبب بننے والے گستاخانہ خاکوں کے متنازع مقابلے کو منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔

گیرٹ ولڈرز کی جانب سے جمعرات کی رات جاری ایک تحریری بیان میں کہا گیا کہ دیگر افراد کی زندگیوں کو لاحق خطرات اور قتل کی دھمکیوں کے بعد وہ گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ منسوخ کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر سینیٹ سمیت صوبائی اسمبلیوں میں بھی قراردادیں منظور کی گئی ہیں جبکہ وزیرِاعظم عمران خان نے اس معاملے کو اقوام متحدہ اور او آئی سی میں اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔