حکومت کا آئی ایم ایف سے رجوع کرنے کا پروگرام نہیں: اسد عمر

Last Updated On 28 August,2018 03:51 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسد عمر کا کہنا ہے آئی ایم ایف کے حوالے سے امریکی بیان غیر ضروری تھا، فی الحال ہمارا آئی ایم ایف سے رجوع کرنے کا پروگرام نہیں، اگر ہم آئی ایم ایف کی طرف جاتے ہیں تو یہ نئی بات نہیں ہو گی۔

سینیٹ اجلاس میں وزیر خزانہ اسد عمر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہمارا چین کا قرضہ اب بھی کم ہے، این ایف سی ایوارڈ کمشن کے اجراء کا پراسس جلد شروع کریں گے، ملک کی معیشت واقعی لائف سپورٹ پر ہے۔ انہوں نے کہا ہم ملکی معاشی صورتحال عوام کے سامنے رکھیں گے، پارلیمنٹ سے مشورہ کریں گے کہ کیا کیا جائے۔

ادھر حکومت نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کا پہلا اجلاس طلب کرلیا، اجلاس نئے وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی سربراہی میں ہوگا، اجلاس میں گردشی قرضوں اور پاور سیکٹر پر اس کے اثرات پر بات ہوگی، پی ایس او کی مالی حالات کا جائزہ اور گیس کی قیمت پر بھی بات ہوگی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں خریف میں ڈی اے پی کی فراہمی اور کھاد کی کمی کو پورا کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔

معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ نئی حکومت کو گردشی قرضوں کو کم کرنے کے لئے نئے قوانین مرتب کرنے ہونگے تا کہ ہر 5 سال کے بعد گردشی قرضوں کا مسئلہ دوبارہ نہ اٹھے، اس کے علاوہ بہتر زرعی پیداوار کے لئے کھاد کی بلا تعطل فراہمی کو بھی یقینی بنانا ہوگا۔