خطہ کشمیر کے حسین اور دلفریب مناظر سے لطف اٹھانے کیلئے لوگوں کی بڑی تعداد پہنچ گئی

Last Updated On 23 August,2018 12:39 pm

مظفرآباد: (دنیا نیوز) خطہ کشمیر اپنی بے پناہ قدرتی خوبصورتی اور دلفریب مناظر کی وجہ سے پوری دنیا میں مشہور ہے، عید کی چھٹیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے لوگوں کی بڑی تعداد نے آزادکشمیر کے بلند وبالا تفریحی مقامات کا رخ کر لیا۔

آزاد کشمیر کے سیاحتی مقامات پر ہر موسم میں لوگوں کی چہل پہل نظرآتی ہے لیکن عید کا موقع ہو یا کوئی اور تہوار فرصت کے لمحات سے لطف اندوز ہونے کے لیے اکثر لوگ کشمیر کی ودایوں کا رخ کرتے ہیں، وادئی نیلم، راولاکوٹ میں بنجوسہ اور باغ میں سندھن گلی، گنگا چوٹی، مظفرآباد میں پیر چناسی اور دیگر سیاحتی مقامات لوگوں کی توجہ کا مرکز ہیں۔ دور سے آنے والوں کے ساتھ ساتھ مقامی لوگ بھی پارکوں اور تفریحی مقامات کی طرف نکل آئے ہیں۔

تیز موجوں والے دریا، گرتی آبشاروں، بہتی ندیوں، سرسبز کہساروں اور گھنے جنگلات کا نظارہ کرنے کیلئے آنے والے حسین موسم میں قدرت کی رعنائیوں سے خوب لطف اندوز ہوتے ہیں۔