چھٹیاں ختم: پنجاب اور کے پی میں دفاتر کھل گئے، حاضری معمول سے کم رہی

Last Updated On 24 August,2018 05:11 pm

لاہور: (دنیا نیوز) عید کی چھٹیاں ختم ہوگئیں، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں دفاتر کھل گئے، مگر دفاتر تاحال سنسان ہیں، عید کے تیسرے روز چھٹی نہ ہونے پر اکثر افسران و ملازمین نے خود ہی چھٹی کر لی۔

 

مختلف محکموں میں حاضری تقریباً 10 فیصد کے قریب ہے، سرکاری دفاتر میں ہو کا عالم ہے، ہر طرف ویرانی چھا گئی، دفتری کام کاج ٹھپ ہو کر رہ
گیا۔ ملازمین دفاتر سے غائب رہے، پنجاب سول سیکرٹریٹ، محکمہ سکولز، صحت، مواصلات، آبپاشی سمیت کئی محکموں میں سناٹا چھایا رہا۔
 
عید کی چھٹیاں ختم ہونے کے باوجود پشاور کے سرکاری دفاتر میں ملازمین حاضر نہ ہوئے، بیشتر دفاتر کو تالے لگے رہے جس سے درخواست گزار شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

 

پشاور کے ضلع ناظم سمیت نائب ناظم اور ٹاؤن ون کے ناظم بھی اپنے دفاتر سے غیر حاضر رہے، مسائل کے حل کے لیے دفاتر آنے والے سائلین کو مایوسی اور مشکلات کا سامنا رہا۔

سرکاری دفاتر میں جو ملازمین حاضر رہے، وہ بھی عوام کے مسائل کے حل پر توجہ دینے کی بجائے ایک دوسرے کو عید کی مبارک باد دینے اور خوش گپیوں میں مصروف نظر آئے۔