ملک بھر میں شہر شہر جانوروں کی قربانی کی گئی

Last Updated On 22 August,2018 10:14 am

لاہور (دنیا نیوز ) ملک بھر میں نماز عید کے اجتماعات کے بعد سنت ابراہیمی کی ادائیگی کا سلسلہ شروع ہو گیا لیکن اس سے پہلے عید قرباں کیلئے رات گئے تک جانوروں کی خریداری کا مشن جاری رہا، کراچی اور پشاور میں جانور کم پڑگئےاور منڈیاں خالی ہوگئیں۔

قربانی کیلئے ماہر قصابوں نے بکنگ بند کر دی، موسمی قصاب بھی بڑھے ریٹس کے ساتھ میدان میں آگئے، جانور کی خریداری کا مشن بھی جاری رہا، منڈیوں میں چھوٹے جانور گرنے لگے ،بیوپاری بھی کچھ لے کچھ دے پر آگئے، کہیں فٹا فٹ سودا ہوا تو کہیں بحث و تکرار جاری رہی۔ رات گئے بھی بیوپاریوں اور گاہکوں میں بھاؤ تاؤ جاری رہا۔

کراچی والوں کیلئے نئی آزمائش یوں آئی کہ مویشی منڈی میں جانور نہ ہونے کے برابر رہ گئے۔ رواں سال 68 ہزار جانور کم لائے گئے جس کی وجہ سے بیوپاری گھر جانے کو تیار ہوچکے ہیں۔ پشاور والے بھی پریشان نظر آئے اور جانور ڈھونڈ ڈھونڈ کر ہلکان ہوگئے ۔ بیوپاری پچھلے برسوں کے مقابلے کم جانور لائے۔

فیصل آباد میں اسی فیصد بڑے جانور بکے، لاہور میں بھی خریدار مرضی کا جانور لینے نکل پڑے۔ قربانی کیلئے چھریاں تیز کر لی گئیں جبکہ نسلی قصابوں کی ڈیمانڈ بھی بڑھ گئی ۔ کہیں بکنگ بند کر دی گئی تو کہیں فون آف کر دیا گیا۔ موسمی قصائی بھی صورتحال کا فائدہ اٹھانے کیلئے ان ایکشن ہوگئے اور شہریوں کو پھنسانے کے لئے اناڑیوں نے جال پھینک دیا۔