پاکستان میں عید قربان کل مذہبی جوش و جذبے کیساتھ منائی جائیگی

Last Updated On 21 August,2018 03:33 pm

لاہور: ( دنیا نیوز ) ملک بھر میں کل بدھ کے روز عید الاضحی مذہبی جوش و جذبے سے منائی جائے گی جبکہ اس موقع پر کروڑوں فرزندان اسلام سنت ابراہیمی ادا کریں گے نیز عید قربان کے موقع پر امن و امان کی صورتحال قابو میں رکھنے کیلئے سکیورٹی ہائی الرٹ کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر کے انہیں ڈیوٹی پر موجود رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ادھر سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں آج عید الاضحی مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے، مسجد الحرام اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں نماز عید کے عظیم الشان اجتماعات ہوئے، جہاں لاکھوں افراد نے عید کی نماز ادا کی۔

نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع مسجد الحرام میں ہوا جہاں لاکھوں افراد نے عید کی نماز ادا کی۔ مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں بھی نماز عید روح پرور اجتماع ہوا، جہاں لاکھوں فرزندان اسلام موجود تھے۔ اس موقع پر امت مسلمہ کے اتحاد، امن و امان، سلامتی اور استحکام کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

متحدہ عرب امارات اور مشرق وسطیٰ میں عید الاضحی مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے۔ انڈونیشیا اور ملائیشیا میں بھی نماز عید کے چھوٹے بڑے اجتماعات ہوئے۔ امریکا، کینیڈا اور یورپی ممالک میں بھی آج عید الاضحی ہے۔