پی آئی اے طیارے میں بے ہوش ہونیوالے بچے کی صحت بحال

Last Updated On 09 August,2018 09:14 pm

لاہور: (دنیا نیوز) یہ بچہ پیرس سے اسلام آباد آنیوالی قومی ایئرلائن کی پرواز پی کے 750 میں اپنے والدین کے ہمراہ سوار تھا، جو اے سی سسٹم کی خرابی کی وجہ سے بے ہوش ہو گیا تھا۔

یہ واقعہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تو حکام کو بھی ہوش آ گیا، پی آئی اے کے سربراہ نے اپنے نمائندے نے خصوصی طور پر پرواز پی کے 750 میں ایئر کنڈیشن کی خرابی کے باعث بے ہوش ہونے والے بچے کے والدین سے ملاقات کی۔ پی آئی اے کے ٹویٹر اکاؤنٹ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قومی ادارے کیلئے مسافر سب سے زیادہ اہمیت رکھتے ہیں، اس واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

خیال رہے کہ پیرس سے اسلام آباد آنیوالی قومی ایئرلائن کی پرواز میں اے سی سسٹم کی خرابی کی وجہ سے نومولود بچہ بے ہوش ہو گیا تھا۔ پی کے 750 میں روانگی کے وقت اے سی سسٹم میں خرابی ہو گئی تھی اور پیرس ایئرپورٹ پر ہی جہاز کے دروازے بند کر دیئے گئے تھے، طیارے میں
حبس اور گرمی کی وجہ سے مسافر بلبلا اٹھے تھے، طیارے میں ایک نومولود بچہ بھی ماں کے ہمراہ موجود تھا جو شدید گرمی کے باعث بے ہوش ہو گیا تھا، بچے کے بیہوش ہونے پر ماں چیخنے چلانے لگی، خاتون کی جانب سے بار بار دروازہ کھلوانے کی التجا کی گئی۔

وائرل ہونیوالی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بچے کی والدہ شور مچاتے ہوئے عملے سے کہہ رہی ہیں کہ اے سی نہیں چل رہا تو دروازہ ہی کھول دیں لیکن پی آئی اے کا عملہ تماشا دیکھتا رہا اور جہاز کے دروازے نہیں کھولے گئے۔

 

پرواز مجموعی طور پر 2 گھنٹے 40 منٹ تاخیر کا شکار رہی۔ طیارے میں مسافروں کے شور شرابہ کرنے پر کپتان نے اے ٹی سی سے ہنگامی بنیادوں پر اڑان بھرنے کی اجازت طلب کی۔

پیرس ایئرپورٹ پر پی آئی اے کا طیارہ میلان سے پیرس تاخیر سے پہنچا تھا جس کی وجہ سے اس کو اسلام آباد اڑان بھرنے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔

ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ پیرس میں پی آئی اے کی انتظامیہ مبینہ غفلت کے باعث طیارے میں دو اے سی وین کے بجائے ایک اے سی وین لگائی گئی تھی جو کہ ناکافی تھی۔