کراچی (دنیا نیوز ) قومی ائیر لائن عوام کی جیبوں پر بھاری پڑنے لگی، نو ماہ میں پی آئی اے کے خسارے میں 14 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ پاکستان انٹرنینشل ائیرلائن گذشتہ کئی برسوں سے نقصان میں ہے۔ ادارے کو منافع بخش ادارہ بنانے کے لئے حکومت اپنے پلے سے ہر سال پیسہ لگا رہی ہے مگر نتیجہ کچھ نہیں نکل رہا۔
بس عوام سے وصول کیا گیا ٹیکسوں کا پیسہ دھڑا دھڑ اس ادارے پر لگایا جا رہا ہے، پی آئی اے کی کارکردگی کا اندازہ اس بات سے باآسانی لگایا جاسکتا ہے کہ ادارے کے مالیاتی نتائج کا اعلان بھی 8 ماہ کی تاخیر سے کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق جولائی سے ستمبر 2017 کے دوران پی آئی اے کا خسارہ 14 فیصد اضافے سے 30 ارب 56 کروڑ روپے رہا جبکہ سال 2016 میں یہ خسارہ اسی عرصے کے دوران 26 ارب 87 کروڑ روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔
اس عرصے میں پی آئی اے کی آمدنی 1 فیصد اضافے سے 78 کروڑ روپے تک محدود رہی، سال 2013 میں پی آئی اے کو 44 ارب 32 کروڑ روپے کا خسارہ ہوا، سال 2014 میں 32 ارب 22 کروڑ روپے، 2015 میں 32 ارب 53 ارب روپے اور 2016 میں 35 ارب 95 ارب روپے کا نقصان ہوا۔ قرض و سود اور نقصانات ملا کر اس وقت قومی ایئرلائن پر واجب ادا 400 ارب روپے سے زائد کی رقم بنتی ہے۔