آمدن سے زائد اثاثوں کا کیس، عبدالعلیم خان کو طلبی کا نوٹس جاری

Last Updated On 07 August,2018 06:13 pm

لاہور: (دنیا نیوز) آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں نیب لاہور نے پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما عبدالعلیم خان کو طلبی کا نوٹس جاری کر دیا جبکہ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الہٰی کے خلاف بھی تحقیقات جاری ہیں۔

نیب لاہور کی جانب سے مختلف رہنماؤں کی طلبی کا سلسلہ جاری ہے۔ نیب لاہور نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عبدالعلیم خان کو 10 اگست کو دوپہر تین بجے طلب کیا ہے۔

اس سے قبل انہیں 8 اگست کو طلب کیا گیا تھا لیکن عبدالعلیم خان مقررہ تاریخ سے پہلے ہی پیش ہو کر مانگا گیا ریکارڈ دے گئے تھے لیکن ذرائع کے مطابق نیب حکام اس سے مطمئن نہیں ہیں۔

عبدالعلیم خان کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے اور آف شور کمپنی کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق عبدالعلیم خان پر الزامات کی سنجیدہ نوعیت کے پیش نظر 10 اگست کو دوبارہ طلب کیا گیا ہے۔

ادھر نیب لاہور نے چودھری برادران کے اثاثہ جات کی تحقیقات بھی شروع کر رکھی ہیں جس پر چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الہٰی کو ذاتی حیثیت میں 16 اگست کو طلب کر رکھا ہے۔