شہباز شریف کی درخواست پر فیصل واوڈا کی جیت کا نوٹیفکیشن روکنے کا حکم

Last Updated On 07 August,2018 03:58 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائی کورٹ نے این اے 249 میں مبینہ دھاندلی سے متعلق سابق وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کی درخواست پر فیصل واوڈا کی جیت کا نوٹیفکیشن روکنے کا حکم دے دیا۔عدالت نے سیکریٹری الیکشن کمیشن اور دیگر سے 10 اگست تک جواب طلب کرلیا۔

 پاکستان مسلم لیگ نون کے صدر میاں شہباز شریف نے حلقہ این اے 249 میں دوبارہ گنتی کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا۔ دائر درخواست میں سابق وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے موقف اختیار کیا کہ دوران الیکشن مہم فیصل واوڈا کے لیے ماحول ساز گار بنایا گیا۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے میرے بینرز، پوسٹرز اتارتے رہے۔ الیکشن مہم میں مدمقابل فیصل واوڈا کے بینرز ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے باوجود نہیں اتارے گئے۔

میاں شہباز شریف نے دائر درخواست میں موقف اپنایا کہ الیکشن کے دن ان کی جماعت کو کئی شکایات موصول ہوئیں، ہمارے کئی پولنگ ایجنٹس کو باہر نکال دیا گیا، میرے پولنگ ایجنٹس کو سادہ پرچے پر نتائج دیے گئے، دوبارہ گنتی کے لیے ریٹرنگ افسر نے درخواست مسترد کر دی تھی، دوبارہ گنتی سے متعلق ریٹرنگ افسر کا اقدام غیر قا نونی ہے۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کو تمام ریکارڈ محفوظ بنانے کی ہدایت دی جائے۔ پولنگ کے دوران بڑے پیمانے پر بے ضابطگیاں ہوئیں۔ ہمارے ووٹرز کو ووٹ ڈالنے سے روکا گیا اور پولنگ سست روی کا شکار کردی گئی، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ریٹرنگ افسر کو دوبارہ گنتی کرنے کی ہدایت اور فیصل واوڈا کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکا جائے۔