کراچی: (دنیا نیوز) انسداد دہشتگردی کی عدالت نے ایم کیو ایم رہنما عامر خان سمیت 3 ملزمان پر ترمیم شدہ فرد جرم عائد کر دی۔ ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔ ٹارگٹ کلر رئیس مما اور منہاج قاضی گرفتار جبکہ عامر خان ضمانت پر ہیں۔
نائن زیرو میں دہشت گردوں کو پناہ دینے کے معاملے پر انسداد دہشت گردی کی عدالت نے متحدہ قومی موومنٹ کے سینیئر رہنما عامر خان، ہائی پروفائل ٹارگٹ کلر رئیس مما اور منہاج قاضی پر ترمیم شدہ فرد جرم عائد کر دی۔ دوران سماعت ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔ عدالت نے گواہان اور تفتیشی افسرکو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 21 اگست تک ملتوی کر دی۔
عامر خان و دیگر ملزمان پر پہلے بھی فرد جرم عائد کی گئی تھی، تاہم مفرور ملزم رئیس مما گرفتاری کے بعد دوبارہ ترمیم شدہ فرد جرم عائد کی گئی۔ ملزمان عمران نیازی اور نعیم کو اشتہاری قرار دیا جاچکا ہے۔ کیس میں ملزم منہاج قاضی اور رئیس مما گرفتار جبکہ عامرخان ضمانت پر ہیں، ملزمان کے خلاف عزیز آباد تھانے میں مقدمہ درج ہے۔