عمران خان وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد پنجاب ہاوس میں قیام کرینگے

Last Updated On 06 August,2018 02:48 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد پنجاب ہاوس میں قیام کریں گے۔ نعیم الحق کا کہنا ہے عمران خان پنجاب ہاوس میں وزیراعلیٰ کی انیکسی میں قیام کریں گے، پنجاب ہاوس میں قیام کے حوالے سے معاملات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

ادھر پارلیمانی پارٹی نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو وزیراعظم کا امیدوار نامزد کر دیا۔ عمران خان نے وزیراعظم نامزد کرنے پر پارلیمانی پارٹی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جس تبدیلی کیلئے 22 سال جدوجہدکی وہ آچکی ہے۔

عام انتخابات 2018 کے بعد مرکز میں حکومت سازی کیلئے عمران خان کی زیرصدارت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس جاری ہے، جس میں شاہ محمود قریشی، اسد عمر، پرویز خٹک، چودھری سرور، شفقت محمود سمیت دیگر رہنما شریک ہیں۔ اجلاس میں حکومت سازی سے متعلق نو منتخب ایم این ایز کو اعتماد میں لیا جائے گا، تحریک انصاف نے 174 ارکان کی حمایت کا دعویٰ کیا ہے۔

اجلاس میں سپیکر، ڈپٹی سپیکر کے امیدواروں کے ناموں پر غور کیا جا رہا ہے۔ پنجاب اور کے پی کے میں حکومت سازی کے امور سمیت بلوچستان میں شراکت اقتدار کے معاملات بھی بحث کی جائے گی، امکان ہے کہ عمران خان اجلاس سے خطاب کرینگے۔

ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری نے دعویٰ کیا کہ آزاد ارکان کی شمولیت کے بعد تحریک انصاف کے ارکان کی تعداد 125 ہوگئی ہے جب کہ وزیراعظم کے لیے اتحادیوں، خواتین اور اقلیتوں کے ساتھ تحریک انصاف کا نمبر 174 تک جا پہنچا ہے جو اپوزیشن سے زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی کی حمایت کے بعد نمبر گیم 177 تک پہنچ جائے گا۔