اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی رہنما عامر لیاقت کی دوسری شادی کا معاملہ نمٹا دیا۔ عامر لیاقت نے موقف اپنایا کاغذات نامزدگی میں بیوی نہیں چھپائی، ابھی صرف نکاح ہوا ہے۔
الیکشن کمیشن میں ممبر سندھ غفار سومرو کی سربراہی میں 4 رکنی بنچ نے عامر لیاقت حسین کی دوسری بیوی سے متعلق معاملے کی سماعت کی۔ تحریک انصاف کے نومنتخب رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور کہا میں نے کاغذات نامزدگی میں بیوی نہیں چھپائی، ابھی نکاح ہوا ہے، وہ میری منکوحہ ہے زوجہ نہیں، نکاح ہوا ساتھ نہیں رہتے، وہ اپنے گھر میں ہے۔
عامر لیاقت نے کہا قوانین کی خلاف ورزی نہیں کی، رخصتی نہیں ہوئی تھی اب ستمبر میں ہوگی، فارم میں زیر کفالت کا کالم تھا، وہ میری زیرکفالت نہیں، اپنے ماں باپ کے گھر ہے، میں نے کاغذات نامزدگی فارم میں کچھ بھی نہیں چھپایا۔ الیکشن کمیشن نے عامر لیاقت سے بیان حلفی طلب کرتے ہوئے کیس نمٹا دیا۔